بنگلورو، 18 دسمبر(ایس او نیوز) کرناٹک ہاؤسنگ بورڈ کے معطل کردہ خصوصی تحویل اراضی افسر بھیم نائک اور اس کے ڈرائیور محمد کو 23 دسمبر تک سات دنوں کیلئے سی آئی ڈی کی تحویل میں دیا گیا ہے ۔ انہیں کانکنی کے بڑے ٹھیکیدار جی جناردھن ریڈی کیلئے مبینہ طور پر کالے دھن کو سفید بنانے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔سی آئی ڈی نائک کے سرکاری ڈرائیور رمیش کے خودکشی نامہ میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ رمیش نے پولیس کو حقائق بتادئے، تھے جس کی وجہ سے نائک نے اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دی تھی اور اسے تنگ کرتا تھا، جس کے بعد رمیش نے خودکشی کرلی تھی ۔اس مقدمہ کی سماعت کے دوران جب نائک اور محمد مادور جے ایم ایف سی جج پی ایم پرکاش کے سامنے پیش کئے گئے تو انہوں نے انہیں سات دنوں کیلئے سی آئی ڈی کی تحویل میں دینے کا حکم سنایا۔انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کے جوانوں نے کل ہوسپیٹ، بیلاری، بیلگاوی اور شہر میں موجود رہائش گاہوں اور دفاتر پر کل ایک ساتھ چھاپے مارے تھے ۔ اس دوران نائک اور اس کے کنبہ والوں کے نام سے 10 کروڑ روپئے مالیت کے دستاویزات ضبط کئے گئے ۔